ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سمندری طوفان ’Biparjoy‘ اگلے 24 گھنٹوں میں شدت اختیار کرنے کاخدشہ ، ساحلی کرناٹک سمیت 3 ریاستوں کے لیے الرٹ

سمندری طوفان ’Biparjoy‘ اگلے 24 گھنٹوں میں شدت اختیار کرنے کاخدشہ ، ساحلی کرناٹک سمیت 3 ریاستوں کے لیے الرٹ

Sat, 10 Jun 2023 11:36:21    S.O. News Service

نئی دہلی 10جون (ایس او نیوز/اے این آئی /ایجنسیز) محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ہفتے کے روز خبردار کیا ہے  کہ Biparjoy نامی سمندری طوفان اگلے 24 گھنٹوں میں شدت اختیار کرے گا اور  شمال مشرق کی طرف بڑھے گا۔ اس کے ساتھ ہی ساحلی کرناٹک سمیت مہاراشٹرا اور گوا کے ساحلی علاقوں میں  تیز بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ طوفان اس وقت گوا سے 690 کلومیٹر مغرب میں، ممبئی سے  مغرب - جنوب مغرب کی طرف 640 کلومیٹر  اور پوربندر سے 640 کلومیٹر جنوب۔ مغرب میں  واقع ہے   اور145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔

ایسے میں  میڈیا میں آئی خبروں کے  مطابق طوفان ' بی پور جوئے'گجرات ساحل سے ٹکرانے سے پہلے ہی سنیچر کو  ولساڈ کے مشہور سیاحتی مقام  ٹیتھل  بیچ پر  سمندری لہروں میں کافی اُچھال دیکھی جارہی  ہے اور اونچی اُٹھتی لہریں سمندری ساحل  سے کافی تیزی کے ساتھ ٹکراتی ہوئی  دیکھی گئی  ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ  طوفان بی پو رجوئے کی وارننگ کے بعد ولساڈ انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی اقدام کے طور پر ٹیتھل  بیچ کو سیاحوں کے لیے 14 جون تک کے لئے  بند کر دیا گیا  ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گجرات، کیرالہ، کرناٹک اور لکشدیپ کے ساحل سے دور سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ساتھ ساتھ  کیرالہ کے آٹھ اضلاع کے لیے یلو الرٹ کا بھی  اعلان کیا گیا ہے۔ سورت کے کلکٹر بی کے وساوا نے بتایا کہ طوفان اتوار یا پیر کو جنوبی گجرات پہنچ سکتا ہے۔ ہم فی الحال چوکس ہیں۔ تمام افسران کو ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ایس ڈی آر ایف (اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس) کی ٹیموں کو اسٹینڈ بائی موڈ پر رکھا گیا ہے اور ساحلی گاؤں کے لوگوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  اگر ضروری ہوا تو گاوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑے گا۔

طوفان کی وجہ سے   آج سنیچر، کل اتوار اور 12 جون پیرکو جنوب سمیت ساحلی علاقوں میں   ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، گجرات اور سوراشٹر میں بھی بارش ہو گی۔  احمد آباد کے موسمیاتی مرکز کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے بتایا کہ  طوفان  کو دیکھتے ہوئے  تمام بندرگاہوں کو خبردار کیا گیا ہے اور پیشگی اقدامات کے لئے  انتباہ کا سگنل  روانہ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی سمندری قانون کے مطابق، آنے والے منفی موسمی حالات کے بارے میں بحری  جہازوں کو خبردار کرنے کے لیے بندرگاہوں کو سگنل دینا ضروری ہوتا ہے تاکہ سمندری سرگرمیوں کے  حالات سے باخبر رکھتے ہوئے  بحری جہازوں اور ان کے عملہ کی   حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

بتایا گیا ہے کہ   بنگلہ دیش نے اس طوفان کا نام بی پور جوئی  رکھا۔ بنگالی زبان میں اس نام کا مطلب تباہی ہے۔


Share: